جمعہ 28 مارچ 2025 - 13:46
رمضان المبارک کا آخری جمعہ 

حوزہ/ امام خمینی نے اس دن کو "یوم اللہ" کا بھی نام دیا تھا یعنی یہ اللہ کا دن ہے اور اللہ کبھی یہ نہیں چاہتا کہ اس کے بندوں پر ظلم کیا جائے لہذا اس روز مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں.

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،عالم اسلام کو الوداعی جمعہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے مولانا سید غافر رضوی صاحب قبلہ فلک چھولسی نے کہا: خداوند عالم کی رحمتوں کا مہینہ اب رخصت ہو رہا ہے، ہمیں اس روز یعنی رمضان کے آخری جمعہ کی عظمت کو سمجھنا چاہئے اور دعا کرنی چاہئے کہ خداوند عالم ہمیں اپنی رحمتوں کے زیر سایہ رکھے اور ہمیں ان رحمتوں سے محروم نہ کرے.

مولانا غافر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا: اگر ہمیں پورے رمضان المبارک کے مہینہ میں اپنی جانب سے کچھ کوتاہیوں کا احساس ہو رہا ہے تو ان کوتاہیوں کو نظر میں رکھتے ہوئے روز جمعہ خداوند عالم کی بارگاہ میں دعا کرنی چاہئے اور اپنی کوتاہیوں کی معافی طلب کرنی چاہئے کہ پروردگار ہم سے جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان سے درگزر فرما اور آئندہ ان کی بھرپائی کا موقع مرحمت فرما.

مولانا غافر رضوی نے یہ بھی کہا: رمضان المبارک کے آخری مہینہ کو امام خمینی نے روز قدس کے عنوان سے پہنچنوایا تھا اور الحمدللہ آج تک اس دن کو روز قدس کے عنوان سے پہچانا جاتا ہے، اس روز کمزور آور مستضعف افراد کی حمایت میں آواز اٹھانا امت مسلمہ کی اہم ذمّہ داری ہے تاکہ عالم بشریت کو یہ احساس ہو کہ آج بھی مظلومین کے حمایتی موجود ہیں.

مولانا رضوی نے یہ بھی کہا: دنیا میں جہاں جہاں ظلم و تشدد جاری و ساری ہیں اور جو لوگ مظلومین کے خون کو پانی سمجھ رہے ہیں انہیں یاد رہے کہ ظلم و ستم کی عمر زیادہ نہیں ہوتی ہے.

ظلم پھر ظلم ہے بڑھتا ہے تو گھٹ جاتا ہے

خون پھر خون ہے ٹپکے گا تو جم جائے گا

مولانا نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا: امام خمینی نے اس دن کو "یوم اللہ" کا بھی نام دیا تھا یعنی یہ اللہ کا دن ہے اور اللہ کبھی یہ نہیں چاہتا کہ اس کے بندوں پر ظلم کیا جائے لہذا اس روز مظلومین کی حمایت میں آواز بلند کرکے اپنی بیداری کا ثبوت دیں.

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha